روزہ کے 10 مسائل جن سے روزہ نہیں ٹوٹتا (1)
اس مضمون میں اردو زبان میں فقہ اور مسائل کی مشہور و مقبول ، جامع کتاب ” کتاب المسائل” سے منتخب “روزہ کے 10 مسائل جن سے روزہ نہیں ٹوٹتا” بیان کیے گئے ہیں ۔
بھول کر کھانے سے روزہ کا حکم (١)
بھول کر کھانے پینے سے روزہ نہیں ٹوٹتا ہے ، ، رسول اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا جو شخص روزہ سے ہواور وہ بھول کر کھا لے یا پی لے یا جماع کرلے تو اس سے روزہ نہیں ٹوٹے گا۔
قال رسول الله صلى الله عليه وسلم من نسي وهو صائم فاكل الشرب فليتم صومه فانما اطعمه الله وسقاه . ( بخاري الشريف ١/٢٥٩ مسلم شريف ١/٣٦٤
منها : لو اكل الصائم او الشرب او جامعه ناسيا لصومه ( مراقي الفلاح ٣٦٠)
(٢) بھول کر بیوی سے ہمبستری کرنے سے روزہ کا حکم
بھول کر اپنی بیوی سے ہمبستری کرنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا ، ہاں اگر روزہ یاد ہوتے ہوے غلطی سے جمع کرلیا تو روزہ ٹوٹ جائیگا اور صرف قضاء لازم ہوگی ، کفارہ لازم نہ ہوگا۔ لیکن اگر جان بوجھ کر جماع یعنی ہمبستری کرلی تو روزہ ٹوٹ جائیگا ، اور کفارہ بھی لازم ہوگا۔
منها : لو اكل الصائم او الشرب او جامعه ناسيا لصومه ( مراقي الفلاح ٣٦٠) فتاویٰ ھندیہ ١/٢٠٢
روزہ میں خون ٹیسٹ کرانے سے روزہ کا حکم (٣)
روزے کی حالت میں خون نکال کر ٹیسٹ کرانے سے روزہ فاسد نہ ہوگا لیکن اتنا زیادہ خون نہ نکلوائیں کہ کمزوری غالب ہو جائے۔
ولا باس بالحجامه امين على نفسه الضعف اما اذا خاف فانه يكره. فتاوى هنديه ١/١٩٩
دل کے مریض کا زبان کے نیچے گولی رکھنے کا حکم (٤)
دل کی بیماری میں جو گولی یعنی دوائی زبان کے نیچے رکھی جاتی ہے اور وہ وہیں جذب ہو کر تحلیل ہو جاتی ہے اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا لیکن اگر دوا کے اجزاء لعاب کے ساتھ یعنی تھوک کے ساتھ مل کر حلق کے راستے سے اندر چلے جائیں تو روزہ ٹوٹ جائے گا۔
قوله : كطعم ادويه اي لو دق دواء فوجد طعمه في حلقه . وفي القهسطان : طعم الادويه وريح العطر اذا وجد في حلقه لم يفطر. ( فتاوى شامي ٣/٣٦٧
روزے کی حالت میں انجکشن لگوانے کا حکم (٥)
اگر روزے کے دوران انجکشن لگوایا یا ٹیکہ لگوایا تو اس سے روزے پر کوئی فرق نہیں پڑا، لیکن اگر ایسا انجکشن ہو کہ دوا براہ راست دماغ یا معدے تک پہنچتی ہو تو روزہ ٹوٹ جائے گا۔
واما ما وصل الى الجوف او الى الدماغ عن غير المخارق الاصليه بان دعوى الجائفه والاٰمة، فان داواها بدواء يابس لا يفسد. ( بدائع الصنائع ٢/٢٤٣) فالمعتبر الوصول حتى لو علم وصول اليابس افسد او عدم وصول الطري لم يفسد. . ( شامي زكريا ٣/٣٧٦)
روزے کی حالت میں گلوکوز چڑھانا کیسا ہے (٦)
روزے کی حالت میں گلوکوز چڑھانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا ؛ کیونکہ دوا براہ راست دماغ یا معدے تک نہیں پہنچتی ، بلکہ رگوں کے واسطے سے جاتی ہے ؛ لیکن بلا عذر ایسا نہیں کرنا چاہیے۔
واكثر المشائخ اعتبروا الوصول الى الجوف في الجائفة والاٰمة ان عرف ان اليابس وصل الى الجوف يفسد صومه بالاتفاق وان لم يعرف ان الرطب لا يصل الى الجوف لا يفسد. فتاوى تاتار خانيه زكريا ٣/٣٧٩
روزے کی حالت میں ڈائلیسس کرانا (٧)
روزے کی حالت میں ڈائلیسس یعنی گردے کی دھلائی کے عمل سے روزہ نہیں ٹوٹے گا، کیونکہ اس عمل کا تعلق صرف خون کی صفائی سے ہے ، اور براہ راست جوف معدہ میں اس کے سبب کوئی چیز داخل نہیں ہوتی۔
واكثر المشائخ اعتبروا الوصول الى الجوف في الجائفة والاٰمة ان عرف ان اليابس وصل الى الجوف يفسد صومه بالاتفاق وان لم يعرف ان الرطب لا يصل الى الجوف لا يفسد. فتاوى تاتار خانيه زكريا ٣/٣٧٩
روزے کی حالت میں آکسیجن لینا (٨)
روزے کی حالت میں اگر آکسیجن کے ذریعے سانس لیا جائے تو اس سے روزہ فاسد نہیں ہوتا؛ کیونکہ آکسیجن محض ایک صاف ستھری ہوا ہے اس کا بدن میں جانا مفسد صوم نہیں یعنی اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا ہے۔۔ ( مفطرات الصيام المعاصره دكتور احمد محمد الخليل ٥٦
روزے کی حالت میں ہومیوپیتھک دوا سونگھنا (٩)
بعض ہومیوپیتھک دوائیں صرف سونگ ہی جاتی ہیں، ان کو کھایا پیا نہیں جاتا، اور سونگھنے کے ساتھ ان کا کوئی جزء بدن کے اندر منتقل نہیں ہوتا ؛ لہذا ایسی دواؤں کے سونگنے سے یا خارجی استعمال سے روزہ فاسد نہیں ہوگا۔
لا يكره للصائم شم رائحة المسك والورد ونحوه مما لا يكون جوهرا متصلا كالدخان. مراقي الفلاح مع الطنطاوي ٥٤٣. بحواله أئنه رمضان ٧١.
معدے کے ٹیسٹ کے لیے حلق میں نلکی ڈالنا (١٠)
اگر معدے وغیرہ کے ٹیسٹ کے لیے حلق یا ناک کے راستے سے دوربین والی نلکی ڈالی گئی جس میں کوئی دوا یا چکناہٹ شامل نہ تھی ، اور اس کا ایک سرا باہر تھا تو محض اس نلکی کے ڈالنے سے روزہ نہ ٹوٹے گا ؛ لیکن اگر نلکی کے ساتھ کوئی اور مادہ بھی شامل ہو جیسے دوائی یا چکنائی وغیرہ تو اس کے اندر داخل ہونے سے روزہ ٹوٹ جائے گا۔۔۔۔۔ مفطرات الصيام المعاصرة ٤٥-٥
ماخوذ از: کتاب المسائل جلد دوم۔ مفتی محمّد سلمان منصورپوری